نئی دہلی ، 25؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)حکومت پر تقسیم جیسی نفرت پھیلانے کا الزام لگانے والی کانگریس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے بی جے پی نے آج الزام لگایا کہ کانگریس نے اقتدار کے لالچ میں ملک کو تقسیم کیا اور اب مرکز اور کئی ریاستوں میں اقتدار سے باہر ہونے کے بعد ترقی کی حمایت یافتہ حکومت کے خلاف سازش رچ رہی ہے۔بی جے پی کے قومی سکریٹری سری کانت شرما نے کہا کہ اب ملک میں کوئی تقسیم نہیں ہوگا اور اگر ہوگا تو ہمارے دشمن ملک میں ہو گا۔انہوں نے مسلم مجاہدین آزادی کے اعزازی پروگرام میں کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد کے تبصرے کے لئے ان پر طنز کیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ان کے تبصرے کی مذمت کرتی ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ کانگریس نے اقتدار کے لالچ میں ملک کو تقسیم کیا،ہماری حکومت ملک کی ترقی کے لئے مصروف عمل ہے۔کانگریس مایوس ہے اور ہر طرح کے بے بنیاد الزام لگا کر اس حکومت کے خلاف سازش رچ رہی ہے۔ترجمان نے الزام لگایا کہ میڈیا کا ایک گروپ بھی حکومت کے خلاف غلط معلومات کی مہم میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے کانگریس کو 2014میں مسترد کیا اور اسے کئی ریاستوں میں اقتدار سے باہر کیا۔ترجمان نے کہا کہ حکومت ’’سب کا ساتھ، سب کاوکاس ‘‘کے لئے کام کر رہی ہے لیکن اس سازش کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے۔شرما نے کہا کہ منی شنکر ایر اور سلمان خورشید جیسے کانگریسی لیڈروں نے پاکستانی سرزمین سے مودی حکومت پر نشانہ لگایا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کم سے کم اتنا کر سکتی ہے کہ ہمیں بدنام نہ کرے،ہم ہر کسی کی ترقی کے لئے کام جاری رکھیں گے۔آزاد نے کل مودی حکومت پر ملک کے لوگوں کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کا الزام لگایا تھا۔انہوں نے الزام لگایا تھا کہ تقسیم کے دوران پیدا نفرت جیسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔